عمران خان کا 22 دسمبر کو مہنگائی کیخلاف احتجاج کا اعلان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 22 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم ہو چکا، ہم نے وفاقی حکومت کو بہت مواقع دیے۔

انہوں نے کہا کہ 22 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف تاریخی احتجاج کیا جائے گا جو ملک گیر ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے 4 حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرائی جائے، حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ ہرحلقے میں 60 سے 70 ہزار ووٹ غیر تصدیق شدہ ہیں، اگر 60 سے 70 فی صد ووٹ جعلی ہیں تو انتخابات کا کیا فائدہ، ہم تو صرف 4 حلقوں کی بات کر رہے ہیں۔

جس دن سپریم کورٹ نے 4 حلقوں کی تصدیق کرائی، تاریخی دھاندلی آئے گی، اگر پنجاب میں انتخابات درست ہوئے ہیں تو صوبائی حکومت کو کس بات کا خوف ہے۔ عمران خان نے کہا کہ عام انتخابات میں پاکستان کی جمہوریت پر ڈاکا ڈالا گیا، اگر بلدیاتی انتخابات بھی ایسے کرانے ہیں تو نہیں کرائے جائیں، بلدیاتی انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں بائیو میٹرک سسٹم لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل انصاف نہیں دے سکتے، سپریم کورٹ میں پیر کو حاضر ہوں گا، امید ہے سپریم کورٹ انصاف فراہم کرے گی۔