لاہور (جیوڈیسک) خواجہ سعد رفیق کہتے ہیں کہ عمران خان کو پانچوں حلقوں سے شکست دے کر نفرت ختم کریں گے۔ شہباز شریف کے وزیرِاعظم بننے سے پورا پاکستان چمکے گا۔ آخری فتح عوام، آئین، جمہوریت اور اصولوں کی سیاست کی ہو گی۔
لاہور کے حلقہ این اے 132 میں لیگی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ منتخب وزیرِاعظم کو نکالنے والے نظام پر غصہ ہے۔ عمران خان کو پانچوں حلقوں سے شکست دے کر نفرت ختم کریں گے۔
سابق وزیر ریلوے نے کہا کہ شہباز شریف کو اتنے ووٹ دیں کہ پورے ملک کو پتہ چلے کہ شہباز شریف جدھر قدم ڈالتے ہیں، وہاں خیر ہو جاتی ہے۔ خواجہ سعد رفیق کا یہ بھی کہنا تھا کہ ووٹ کی حکمرانی کی جدوجہد جاری رکھیں گے، ن لیگ کا ووٹر کہیں نہیں گیا۔ کنونشن میں رانا مبشر اقبال، طلحہ برکی، ڈپٹی مئیر اللہ رکھا اور پی پی 163 سے امیدوار میاں نصیر سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔