لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ بار کے زیراہتمام آل پارٹیز کانفرنس سے مختلف سیاسی رہنماوٴں نے خطاب کیا، شاہ محمود قریشی نے کہا عمران خان منزل کے حصول تک کنٹینر میں بیٹھے رہیں گے، رحمان ملک کہتے ہیں پوری قوم ملک میں امن چاہتی ہے۔
لاہور کے مقامی ہوٹل میں لاہور ہائیکورٹ بار کے زیراہتمام منتعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان عدلیہ کی بحالی کی تحریک میں وکلا کے شانہ بشانہ تھے، انتخابات کیلئے آزاد الیکشن کمیشن ضروری ہے، انیس سو ستر کے بعد تمام انتخابات پر سوالیہ نشان ہیں۔ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ قانون اورپارلیمنٹ کا تحفظ ہر شخص کا فرض ہے،رول آف لاء آئین اور قانون کے مطابق ہی ہوتا ہے، ملک کو اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے ماضی میں کبھی نہ تھی۔
راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ملک میں امیر آدمی ہی الیکشن لڑ سکتا ہے،ایک آدمی اٹھ کر دوسرے آدمی کی پگڑی اچھالنا اپنا حق سمجھتا ہے۔ بار ایسوسی کی تقریب میں ہال کے باہر حکومت مخالف نعرے بازی بھی کی گئی۔ آل پارٹیز کانفرنس میں حیدر عباس رضوی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں نے بھی خطاب کیا۔