کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ڈھائی سال بعد بھی عمران خان کو یقین نہیں کہ وہ حکمران بن گئے ہیں، وہ آج بھی انتخابی مہم کی طرح حکومت چلا رہے ہیں۔
کراچی کے باغ جناح میں پاک سرزمین پارٹی نے عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا، جلسے میں کارکنوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے بھی یہاں 18 اکتوبر کو جلسہ کیا جس میں ملک بھر کے لیڈر تھے کوئی بھی مقامی نہیں تھا اور نہ ہی کراچی کی بات کی گئی۔
مصطفیٰ کمال کاکہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں صرف عمران خان کو ہٹانے کا ڈرامہ کیا گیا، 12 سال سے سندھ میں اقتدار میں رہنے والی پپلز پارٹی نے صوبے کو کیا دیا؟ 12 سالوں میں 8 ہزار ارب روپے ہضم کر گئے جس کا حساب لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے کہ قوم حکمرانوں اور اپوزیشن سے بھی مایوس ہے، مریم نواز آپ کے والد نے لاپتہ افراد کو بازیاب کیوں نہیں کروایا؟ ماضی میں اداروں کو استعمال کرنے والے آج اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ مودی سے بات کرنے کے لیے تو تیار ہیں لیکن اپوزیشن سے نہیں۔
جلسے سے صدر پی ایس پی انیس قائم خانی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔