ملتان (جیوڈیسک) وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ عمران خان مجھ پر اس لیئے تنقید کرتے ہیں کہ وہ بجلی چوروں کی پشت پناہی کر رہے ہیں جبکہ میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کر رہا ہوں۔
وزیر مملکت پانی و بجلی نے کہا کہ حکومت کیجانب سے بجلی پر 242 ارب کے قریب سبسڈی دینے کے باوجود ملک میں بجلی چوری اور کنڈا کلچر ختم نہیں ہو رہا۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کنڈا کلچر اور بجلی چوری کے باعث ٹیرف اور بجلی کے بلوں میں اضافہ کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے سارا ملبہ حکومت پر گرتا ہے۔
وزیر مملکت پانی و بجلی نے کہا کہ پورے ملک میں بجلی چوری کیخلاف مہم کا آغاز کرتے ہوئے اے بی ایل کا اجرا بھی کیا جا رہا ہے جس کے بعد کنڈا کلچر کا خاتمہ ہو جائے گا۔
وزیر مملکت پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ بجلی کا شاٹ فال ختم کرنے کیلئے ہائیڈل پاور پروجیکٹ اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کیساتھ مختلف منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں۔