لاہور (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان ایک مرتبہ پھر سیاسی طور پر متحرک نظر آئیں اور اس بار انہوں نے جس سیاسی جماعت کے جلسے میں شرکت کی وہ تھی جماعت اسلامی ۔
لاہور میں جماعت اسلامی کے کرپشن کے خلاف دھرنے میں عمران خان کی سابق اہلیہ نے بھی شرکت کی جو اسی طرح جلسہ گاہ آئیں جس طرح وہ تحریک انصاف کے جلسوں میں شرکت کیا کرتی تھیں لیکن اس بار وہ اسٹیج کے بجائے مخصوص مہمانوں کے لئے مختص جگہ پر بیٹھیں۔ جماعت اسلامی کی جانب سے ریحام خان کا خیرمقدم بھی کیا گیا۔
سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ ریحام خان کا جماعت اسلامی کے جلسے میں شرکت کرنا کوئی حیران کن بات نہیں کیوں کہ آج کے روز تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے موقع پر اسلام آباد میں جلسہ ہورہا ہے اور ریحام خان خان جماعت اسلامی کے جلسے میں شرکت کر کے پی ٹی آئی کو پیغام دینا چاہتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ریحام خان رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اور چند ماہ بعد ہی دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔