اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید نے مہنگائی کا ذمہ دار ماضی کی حکومتوں اور کورونا کو ٹھہرا دیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کیا خطرناک ہوگی اس میں تو ڈنک ہی نہیں، یہ عمران خان کی خوش قسمتی ہےجو اسے تھکی ہوئی اپوزیشن ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم مرا ہوا ہاتھی ہے، تھکی ہوئی اپوزیشن اب تک کوئی فیصلہ ہی نہیں کرسکی، پچھلے دسمبر میں حکومت رخصت کررہے تھے اب اگلا دسمبر آگیا، اس ملک میں سیاست ایسے ہی چلتی ہے، جب ہم اپوزیشن میں تھے تو کہتے تھے آج گئے کل گئے۔
شیخ رشید نے مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری ماضی کی حکومتوں اور کورونا پر ڈال دی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں تو کابینہ میں آٹا،دال،چینی کی بھی بات کرتا ہوں، عمران خان اپنی پوری کوشش کررہے ہیں کہ اس سال مہنگائی کوختم کریں اور جو مہنگائی کے خلاف چیمپئن بن رہے ہیں، یہ ملک لوٹنے والے سب سے بڑے چور ہیں۔
انہوں نے مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کو نشانہ بنانے کے دیرپااثرات ہوں گے۔