اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کہتے ہیں کہ حکومت پن بجلی منصوبوں کے بجائے جنگلہ بس چلارہی ہے، ن لیگ نے دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، کراچی میں سرکلر ریلوے کے بجائے لاہور میں دگنی قیمت کی میٹرو ٹرین چلائی جارہی ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ ملک آئین کے تحت چلنا چاہئے، وزیراعظم ملک کے ہیں صرف پنجاب کے نہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہےکہ مسلم لیگ ن نے دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، ن لیگ دھاندلی اور پولیس کی دھونس کرواتی ہے، جلسے کے بعد نوجوانوں کو ہراساں کیا گیا، 4 حلقوں کے علاوہ بھی دھاندلی پکڑی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں سرکلر ریلوے آدھی قیمت پر بننا تھا اسے بند کر کے لاہور میں دگنی قیمت پر میٹرو ٹرین کا منصوبہ بنایا جارہا ہے، ایسا لگ رہا ہے پاکستان صرف پنجاب تک محدود ہے۔
پی ٹی آئی چیف کہتے ہیں کہ مشرقی پاکستان کا احساس محرومی اپنی آنکھوں سے دیکھا، الیکشن میں ن لیگ کا ووٹ بینک دگنا کیسے ہو گیا؟، پن بجلی منصوبوں کے بجائے جنگلہ بس چلارہی ہے۔
وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اس موقع پر کہا کہ خیبر پختونخوا میں 2 سے 3 روپے میں بجلی پیدا کی جاسکتی ہے، وفاق مدد کرے، وزیراعظم ملک کے ہیں، پنجاب کے نہیں، ملک کو آئین کے تحت چلنا چاہئے۔