نارووال (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان ہٹلر کی طرح کی حکومت کرنا چاہتے ہیں، ان کی بھڑکوں نے ملک میں بے یقینی پیدا کر دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی معیشت فٹ بال کی طرح لڑھک رہی ہے جب کہ حکمران صرف اقدار کے مزے اور سیلفیاں لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ پُرتشدد اور گالی کی بات کرتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ اُن کے اقتدار کے آگے کوئی آواز نہ اٹھا سکے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ عمران خان دنیا بھر میں جا کر ملک کو کرپٹ ثابت کر رہے ہیں، ہمیں عمران خان کے ہوتے ہوئے کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے، حکومت سے کسی خیر کی توقع رکھنا خود کو دھوکا دینا ہے۔
نیب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کا یک طرفہ احتساب کا عمل سیاسی ایجنڈے پر چل رہا ہے۔
انہوں نے شہباز شریف کے خلاف انتقامی کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف پر کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کیس بنانے کا مقصد ن لیگ کو سی پیک کی سزا دینا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ہمیں احتساب سے کوئی مسئلہ نہیں لیکن احستاب کا آغاز حکمرانوں سے ہونا چاہیے۔