فیصل آباد (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے پھر میدان میں آگئے ہیں۔
فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتےہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاناما لیکس شیطانی لیکس ہے، اس کی کسی نے تصدیق ہی نہیں کی ، یہ بین الاقوامی سازش کا حصہ بھی ہو سکتی ہیں کیونکہ اس میں بعض ممالک کا کوئی ذکر نہیں ہے، اس میں کوئی ایسی بات نہیں ہے جو نئی ہو لیکن اس کے باوجود بعض لوگ دانستہ طور پر اس بات کو بڑھا رہے ہیں، پاکستان میں اس کا جو شور مچایا جارہا ہے اس کا فائدہ بھارت کو ہورہا ہے کیونکہ اب کسی کو معلوم ہی نہیں کہ پاکستان سے بھارت کا ایجنٹ پکڑا گیا ہے، اب صرف پاناما لیکس کی بات ہو رہی ہے۔
وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ پانامہ لیکس کا شور اٹھنے کے ساتھ ہی عمران خان کا غل غپاڑہ بھی شروع ہوگیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عمران خان نے کل بہروپیہ وزیر اعظم کا خطاب کیا، وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملکی حالات بہتر ہورہے ہیں لیکن عمران خان ملکی ترقی میں پھر سے رکاوٹ ڈال رہے ہیں اور ملک کو پھر سے پیچھے لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے، عمران خان نے 2014 کو بھی سیاسی عدم استحکام سے دوچار کیا، جس سے ملک کا ایک سے ڈیڑھ سال قوم کا ضائع ہوا تھا۔ عمران خان پھر سے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ جب سے ضرب عضب شروع ہوا ہے پنجاب سمیت ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز کو کارروائیاں کرنے کی اجازت ہے،کچے کے علاقے میں پولیس اور رینجرز آپریشن کر رہی ہے جلد ہی اسے کلئیر کرالیا جائے گا۔