عمران خان کی دعوت قبول، پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات 27 ستمبر کو ہو گی

Sushma Swaraj and Shah Mehmood Qureshi

Sushma Swaraj and Shah Mehmood Qureshi

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارت نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کی تجویز قبول کر لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ترجمان بھارتی وزارت خارجہ رویش کمار نے بریفنگ میں بتایا پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کی تجویز حکومت نے قبول کرلی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات نیویارک میں ہوگی جو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر دوران ہوگی۔

رویش کمار کا کہنا تھا کہ ملاقات کا ایجنڈا طے نہیں ہوا ہے، ہم نے صرف ملاقات کی حامی بھری ہے البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات 27 ستمبر کو نیویارک میں ہو گی۔

ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی اور سشماسوراج کی ملاقات 27 ستمبر کو ظہرانے پر ہو گی۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں بھارت کی پاکستان کے حوالے سے پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور نا ہی اس ملاقات کا مطلب دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی ہیں۔

کرتار پور کوریڈور کھولنے کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ طور پر کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

رویش کمار کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران اس معاملے کو اٹھائیں گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے تہنیتی خط کا جواب دیا ہے جس میں انہوں نے پاک بھارت مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے جب کہ وزیراعظم نے تجویز دی تھی کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات طے کی جائے۔