اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لندن سے اسلام آباد پہنچ گئے، کورکمیٹی کے اجلاس کے بعد آج اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ہفتے کی صبح اسلام آباد سے لندن کے لئے روانہ ہوئے تھے۔ اپنے مختصر دورے کے بعد عمران خان اسلام آباد واپس پہنچ گئے ہیں۔ عمران خان آج دوپہر تحریک انصاف کی کور کمیٹی کی صدارت کریں گے جس کے بعد آج شام چار بجے وہ اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
اس سے پہلے لندن سے وطن واپسی پر ہیتھرو ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت فوجی عدالتوں سے متعلق آئینی ترمیم کے خلاف تھی۔ یہ عدالتیں جمہوریت اور آئین کی روح کے منافی ہیں تاہم موجودہ صورتحال میں اس کی حمایت کر رہے ہیں۔
عمران خان نے اپنی شادی کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا یہ کوئی جرم نہیں جسے چھپایا جائے، عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی جماعت دوبارہ دھرنا نہیں دے گی تاہم احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔