اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف دائر تمام ریفرنسز مسترد کر دیئے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے دونوں رہنمائوں کیخلاف کیس کی سماعت کی اور کئی ماہ بعد دونوں اہم شخصیات کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے دائر کئے جانے والے ریفرنسز کو مسترد کر دیا۔
عمران خان اور جہانگیر ترین پر اثاثے چھپانے اور آف شور کمپنیاں رکھنے کے الزامات عائد کئے گئے تھے ۔ الیکشن کمیشن نے دونوں شخصیات کے خلاف دائر ریفرنسز کی سماعت کی اور تمام شواہد کی روشنی میں دونوں کے خلاف دائر ریفرنسز کو مسترد کر دیا۔
فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ آج فیصلے کے بعد سچ کی فتح اور جھوٹ کی شکست ہوئی ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ جھوٹا ریفرنس دائر کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی فوری طور پر عہدے سے استعفیٰ دیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے ہمیشہ سچ کی حوصلہ شکنی کی ہے ، تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دائر ریفرنسز میں ہماری کردار کشی کی جا رہی تھی ، مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ تحریک انصاف نے تمام سیاسی جماعتوں پر الزامات عائد کئے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم کے خاندان پر الزامات عائد کئے گئے ، وزیر اعظم کا دامن صاف تھا اسی لئے وہ خود الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں گئے۔
سماعت کے دوران جتنی دستاویزات پیش کی گئیں وہ وزیر اعظم کی جانب سے پیش کی گئیں ، دانیال عزیز نے کہا کہ بہت جلد ہم عمران خان اور جہانگیر ترین کو بے نقاب کریں گے۔