لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے جاوید ہاشمی کو آزادی مارچ کے حوالے سے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
عمران خان نے تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی سے فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ آپ پارٹی کا اثاثہ اور ہم سب کے لیڈر ہیں، آپ کا ہمارے ساتھ ہونا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کے حوالے سے آپ کے جو بھی تحفظات ہیں انہیں دور کیا جائے گا، اس موقع پر جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے لئے ہی آزادی مارچ کی حمایت کی تھی لیکن آزادی مارچ کے حوالے سے انہیں کچھ تحفظات ہیں۔
دوسری جانب عمران خان نے جاوید ہاشمی کو منانے کے لئے عارف علوی کی قیادت میں ایک وفد ملتان روانہ کردیا ہےہے جو تحریک انصاف کے صدر کو آزادی مارچ میں شرکت کے لئے رضامند کرنے کی کوشش کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جاوید ہاشمی آزادی مارچ پر تحفظات کے بعد لاہور سے ملتان روانہ ہو گئے تھے۔