لندن (جیوڈیسک) ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کو جناح گراؤنڈ آمد کی پیشگی مبارکباد دیتے ہیں۔
لندن سے جاری اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ میں عمران خان کو جناح گراؤنڈ آمد کی پیشگی مبارکباد دیتا ہوں جہاں ہمارے کارکنان آپ کے استقبال کے لئے موجود ہوں گے اور کسی بھی قسم کی نعرہ بازی ، بیہودگی ، بدتمیزی یا بد تہذیبی نہیں ہوگی، جناح گراؤنڈ بھی آپ کا اپنا گراؤنڈ ہے اور آپ بھی جلسہ کریں۔
الطاف حسین نے کہا کہ الیکشن کو الیکشن رہنے دیں اور اسے لڑائی جھگڑے کے ساتھ نہیں بلکہ پیار ومحبت کے ساتھ لڑیں اور امن برقرار رکھیں ، 23 اپریل کا ضمنی انتخاب اللہ تعالیٰ خیر یت سے گزاردے اس کے بعد ایکد وسرے کو مل کر مبارکبا د دیں ہم سب پاکستانی ہیں یہ ہماری جیت یا آپ کی جیت نہیں بلکہ پاکستان کی جیت ہوگی ہم سب کی جیت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحاد جمہوری عمل کا حصہ ہے اور پوری دنیا میں اس پر عمل ہوتا ہے۔ اس کی حالیہ مثال برطانیہ کی ہے جہاں ڈیموکریٹک اور لبرل ڈیمو کریٹک کے اتحاد سے حکومت بنی۔
ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ اگر جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کا اتحاد ہوجاتا ہے تو یہ مبارکباد کی بات ہے کیونکہ تمام پاکستانیوں کو یہ سمجھنے میں آسانی ہوگی کہ دونوں جماعتیں نظریاتی طور پر کتنا قریب ہیں۔