عمران خان نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ تسلیم کرلی

Imran Khan

Imran Khan

چترال (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ تسلیم کرلی ہے۔

چترال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ 2013 کے عام انتخابات پر 21 جماعتوں نے دھاندلی کا الزام لگایا لیکن جوڈیشل کمیشن میں کیس صرف تحریک انصاف نے لڑا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف خوش قسمت ہیں جنہوں نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پہلے دیکھ لی تاہم اصول کے مطابق یہ رپورٹ دونوں فریقین کو دینی چاہیے تھی جب کہ میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ دیکھ کر ہی اس پر تفصیل سے کل بات کروں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ منظور ہے کیوں کہ کمیشن کے آغاز پر ہی تحریک انصاف کا موقف تھا کہ جو بھی فیصلہ ہوگا ہم وہ تسلیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی بحران میں سب کا اکھٹا ہونا بہت ضروری ہے۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدے کے تحت جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا گیا تھا جب کہ انتخابی دھاندلی کیس میں 2 جماعتیں فریق ہیں لیکن ایک فریق کو رپورٹ دے دی گئی ہے اور دوسرا فریق اب تک حتمی رپورٹ سے محروم ہے۔