اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کل ہو گی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے ایڈووکیٹ حامد خان کی خدمات حاصل کر لیں۔ حامد خان آج رات امریکا سے وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بنچ اس معاملے کی سماعت کرے گا۔
اس سلسلے میں عدالت نے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو دو اگست کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے بظاہر عدالت کو دانستہ بدنام کرنے کی مہم شروع کر دی ہے۔
جس کا مقصد ججوں کے خلاف نفرت پھیلانا، ان کی توہین اور تضحیک کرنا ہے۔ حکم کے مطابق عمران خان کا یہ اقدام توہین عدالت کے قانون کے تحت کارروائی کا متقاضی ہے۔