پشاور(جیو ڈیسک)پشاورتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان انتخابی مہم کے سلسلے میں پشاور آئے، تاہم کارکنوں کی بدنظمی کی وجہ سے عمران خان نہ انتخابی دفاتر کا افتتاح کرسکے نہ ہی کارکنوں سے خطاب ۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پشاور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ون سے گیارہ مئی کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس سلسلے میں عمران خان چارسدہ، صوابی، مردان اور نوشہرہ میں جلسوں کے بعد تھکے ہارے پشاور کے علاقہ دلہ زاک روڈ پہنچے جہاں انہوں نے پی کے ون کے انتخابی دفتر کا افتتاح کرنا تھا۔ تاہم کارکنوں کے جوش و جذبے سے بدنظمی پیدا ہو گئی۔ عمران خان کچھ دیر گاڑی میں بیٹھ کر کارکنوں کے نظم و ضبط کا انتظار کرتے رہے۔
تاہم جب کارکنوں کی بدنظمی ختم نہ ہو سکی تو عمران خان پی کے ون کے انتخابی دفتر کا افتتاح کئے بغیر گلبہار پہنچ گئے جہاں انہوں نے پی کے ٹو کے انتخابی دفتر کا افتتاح اور کارکنوں سے مختصر خطاب کرنا تھا۔ تاہم دلہ زاک روڈ کی طرح صورت حال گلبہار میں بھی جوں کی توں رہی۔
گلبہار میں کارکن بڑی تعداد میں عمران خان کا دیدار اور ان کی باتیں سننے کے جوش میں ہوش کھو بیٹھیے اور مسلسل بدنظمی کا مظاہرہ کرتے رہے۔ جب کہ عمران خان پی کے ٹو کے انتخابی دفتر کے افتتاح اور کارکنوں سے خطاب کے انتظار میں گاڑی سے نہ اتر سکے۔ جس کے بعد گاڑی کا رخ جی ٹی روڈ کی طرف موڑ دیا گیا اور عمران خان اپنے انتخابی حلقے میں تحریک انصاف کے انتخابی دفاتر کا افتتاح کئے بغیر پشاور سے لوٹ گئے۔