پشاور (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا پولیس کو خودمختاری دینا چاہتے ہیں اور خیبرپختونخوا پولیس قانون کے مطابق کام کرے گی اور حکومتی عمل دخل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا خیبرپختونخوا میں نیا پولیس ایکٹ لیکر آئیں گے اور اس پر کام جاری ہے جس سے پولیس کو پوسٹنگ ، ٹرانسفر کے ذریعے کنٹرول نہیں کیا جا سکے گا۔ خیبرپختونخوا پولیس کو غلامی نہیں خود مختاری دینا چاہتے ہیں۔ پنجاب میں پولیس کو سیاسی طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ اقتدار میں رہ کر کوئی اپنے بزنس کو فائدہ نہیں پہنچا سکے گا۔ صوبے میں نئے احتساب ایکٹ سے تمام مسئلے مسائل ختم ہو جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا خیبرپختونخوا میں حکومت اور احتساب کمیشن کو مکمل طور پر الگ کر دیا۔ احتساب کمیشن کی فائنل رپورٹ پہلے کیبنٹ پھر اسمبلی جائے گی ۔ نئے احتساب ایکٹ میں ساری چیزیں ٹھیک کر دی ہیں۔