لاہور (جیوڈیسک) سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف عمران خان کے حواس پر سوار ہو چکے ہیں۔ عمران خان کی لاڑکانہ میں تقریر پر اپنے ردعمل میں رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ عمران خان نواز شریف کے ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل سے بری طرح خوفزدہ ہیں
عمران خان نظام بدلنے کی سیاست نہیں کر رہے بلکہ وہ حصول اقتدار کی خواہش کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ دوسروں پر تنقید عمران خان کا شیوہ ہے، الزامات کی تکرار کر کے انہوں نے قوم کی کونسی خدمت کی؟۔ عمران خان اپنی تقریر میں الزامات تو بار بار لگاتے ہیں مگر سچے ہیں تو ثبوت پیش کیوں نہیں کرتے؟
انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے عوام عمران خان کی سبق نما تقریر سن کر بے حد مایوس ہوئے۔ تبدیلی اور انقلاب کے دعوے ہوا ہو چکے ہیں۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ دھرنے، جلسے، جلوس، احتجاج اور الزام تراشی ہی عمران خان کی کل سیاست ہے۔ باشعور عوام نے عمران خان کے طرز سیاست کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے عالی شان محلوں میں رہنے والا دوسروں پر تنقید کیسے کر سکتا ہے؟، تحریک انصاف کے رہنما کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔