اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں لاہور ہائی کورٹ پرہلہ بولا گیا، اتنی بدتمیزی کی گئی کہ چیف جسٹس کو کمرہ عدالت سے جانا پڑا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ دھرنے کے ذریعے عدلیہ پراثرانداز نہیں ہونا چاہئے، عمران جو انصاف کے ٹھیکیدار ہیں، ان افراد کو گرفتار کرائیں گے جنہوں نے عدالت پرہلہ بولا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان صاحب، آپ کیسی سیاست کررہے ہیں، اگرالیکشن ٹریبونل عمران خان کی مرضی کے فیصلے نہیں دیتا تو کہا جاتا ہے دھاندلی ہوئی۔ سعدرفیق نے کہا کہ عمران خان کو اپنا وائٹ پیپرعدالت میں پیش کرنا چاہئے تھا، انہوں نے اس لیے وائٹ پیپرعدالت میں پیش نہیں کیا کہ وہ جھوٹ کا پلندہ ہے۔