اسلام آباد (جیوڈیسک) شوکت خانم میموریل اسپتال کی آڈٹ کمیٹی کے چیئرمین احسان مانی نے عمران خان کی جانب سے جیو سوپر پر لگائے گئے الزامات مسترد کردیے ہیں ، انہوں نے کہا کہ سری لنکا سیریز کے حقوق کے معاملے میں نجم سیٹھی کا کوئی لینا دینا نہیں تھا، جیو سوپر نے رائٹس کیلئے سب سے زیادہ پیسے آفر کیے اس لیے سیریز دکھانے کے حقوق بھی انہی کو ملے۔ عمران خان کا ایک اور جھوٹ پکڑاگیا۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہفتے کو پریس کانفرنس میں ایک پرچہ لہرایا اور بنا ثبوت کے الزام لگایا کہ سری لنکا سیریز کے حقوق جیو سوپر کو نجم سیٹھی کے ذریعے ملے۔
مگر احسان مانی جو عمران خان کے شوکت خانم میموریل اسپتال کی آڈٹ کمیٹی کے چیئرمین اور بورڈ آف گورنرز میں بھی شامل ہیں، انہوں نے عمران خان کے الزامات مسترد کردیے۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا سری لنکا سیریز کے حقوق ایک باقاعدہ طریقہ کار کے تحت دیے گئے جس میں پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔ احسان مانی نے پی ٹی وی کو سری لنکا سیریز کے حقوق نہ دینے کے الزام کو بھی سرے سے رد کردیا۔ احسان مانی نے کہا کہ بڈز کے معاملے میں کسی کو فیور نہیں دی گئی، جیو نے سب سے زیادہ پیسے آفر کیے اس لیے سیریز بھی انہی کو ملی۔
احسان مانی نے کہا کہ سری لنکا کی سیریز کے حقوق دینے کا پورا پروسس نہایت شفاف تھا اور ان کو کوئی فکر بھی نہیں کہ کوئی اس معاملے کو لیگلی چیلنج کرے۔ عمران خان کی جانب سے بغیر ثبوت لگائے گئے الزامات کا پول تو کھل ہی گیا۔ جنگ اور جیو ان الزامات کے خلاف لندن اور پاکستانی عدالتوں میں مقدمات تو قائم کرے گا ہی۔
مگر اس سے پہلے عمران خان کو جیو اور جنگ کے پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں کہ وہ آئیں اور اپنا موٴقف بتائیں، احسان مانی کے جواب پر ان صاحب کا موٴقف لینے کے لیے بار بار رابطے کئے گئے مگر کوئی جواب نہ آیا، جیو نیوز کی جانب سے ایس ایم ایس بھی بھیجا گیا لیکن ایس ایم ایس کا جواب دینا بھی خان صاحب نے مناسب نہیں سمجھا۔