راولپنڈی/ اسلام آباد : وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹ، جعلسازی، تشدد اور قانون شکنی پر اکسانے والی سیاست چھوڑ دیں جو کسی کو بھی قبول نہیں ہے، ڈی چوک میں رکھا کنٹینر ”کاسہ گدائی ،،بن چکا ہے ”یوں توں، کرنے اور دھرنے کے ذریعے شارٹ کٹ کی تلاش میں کوئی بھی وزیراعظم نہیں بن سکتا۔
قومی اسمبلی میں 10فیصد نمائندگی والے 90فیصد عوام کے مینڈیٹ پر اپنا فیصلہ نہیں تھوپ سکتے ،پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت بلا تفریق ملکی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کے صدر مقبول احمد خان کی قیادت میں راولپنڈی اسلام آباد کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلباء کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
طلباء نے ملکی ضروریات کے پیش نظر توانائی کے حصول کیلئے وفاقی وزیر مملکت کی کاوشوں کو سراہا ،اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ اللہ اور قرآن کا نام لینا ،بغیر ثبو ت الزامات لگانا ،پگڑیاں اچھالنا عمران خان کا وطیرہ بن چکا ہے جب ان کی سبکی ہو تی ہے تو فوراً یو ٹرن لے لیتے ہیں۔
حکومت، عدلیہ، فوج، الیکشن کمیشن اور بیورو کریسی سمیت کوئی شریف آدمی ان کے ہاتھوں محفوظ نہیں ہے،انہیں تو یہ بھی پتہ نہیں ہے کہ عام انتخابات کے بیلٹ پیپر فوج کی نگرانی میں چھپے تھے آخر وہ جعلی بیلٹ پیپر چھاپنے کا الزام کس پر عائد کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو تحریک انصاف کا نام بدل کر تحریک الزامات یا تحریک یو ٹرن رکھ لینا چاہیئے،وہ 11 مئی 2013 سے لیکر اب تک ذاتی مقاصد کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔
سیاست میں کرکٹ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے،جہانگیر ترین کی شکست کو فتح میں بدلنے کی انفرادی بات کرتے ہیں کبھی کبھار تو خود کو وزیراعظم کہنا شروع کردیتے ہیں،انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ جہانگیر ترین کروڑں روپے ٹیکس دیتے ہیں ،قوم عمران خان سے سوال کرتی ہے کہ کیا وہ سول نافرمانی کی کال کے بعد عمران خان سے پوچھ کر بجلی کے بل جمع کراتے اور ٹیکس دیتے ہیں۔
اگر جہانگیر ترین عمران خان سے پوچھ کر سب کچھ کرتے ہیں تو ان چند لوگوں کا کیا قصور ہے جنہیں عمران خان نے منع کیا ہوا ہے اور ان لوگوں کو ٹیکس نہ دینے پرجتنا نقصان ہوا ہے یا ان کے بجلی کے میٹر کٹ گئے ہیں اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔ جہانگیر ترین نے خود تسلیم کیا ہے کہ وہ عمران خان کے زیر تصرف پبلک کمپنی کے جہاز کا کرایہ اپنی جیب سے ادا کرتے ہیں۔
قوم کو بتایا جائے کہ کیا عمران خان ذاتی مفادات کیلئے جہانگیر ترین کی لڑائی لڑ رہے ہیں اور یہ کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں جہانگیر ترین کی کمپنیوں کو ٹھیکے بھی مال پانی حاصل کرنے کیلئے دئیے جارہے ہیں، چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے عمران خان پر جو الزامات لگائے ہیں، ان کے ثبوت بھی پیش کیئے ہیں، اب کنی کترانے سے بات نہیں چلے گی جواب دیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جلسوں میں برملا کہتے رہے ہیں کہ میرے پاس اللہ کا دیا سب کچھ ہے سیاست نہ بھی کروں تو ساری زندگی آرام سے گزار سکتا ہوں دوسری طرف سرکاری دستاویزات میں خود کو مقروض ظاہر کرتے ہیں کیا یہ کھلا تضاد نہیں ہے۔
چوہدری عابد شیر علی نے مذید کہا کہ معاشی استحکام ہی سیاسی استحکام کے ساتھ جڑا ہوا ہے سیاسی انتشار سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ موجودہ حکومت وزیر اعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں جلد ہی ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کر دیگی۔