عمران خان کا لانگ مارچ کوئیک مارچ ثابت ہوگا، پرویز رشید

Pervaiz Rashid

Pervaiz Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کا لانگ مارچ کوئیک مارچ ثابت ہو گا۔

چودہ اگست کی رات لوگ آئيں گے اور پندرہ اگست کی صبح چلے جائيں گے ،پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ ہر روز عمران خان سے درخواست کر رہے ہیں کہ یہ وقت لانگ مارچ کا نہیں آئی ڈی پیز کی دیکھ بھال کا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان لانگ مارچ کی 34 ارکان کے ساتھ تنہا پرواز کر رہے ہیں، پارلے منٹ موجود ہے تاہم 307 ارکان قومی اسمبلی لانگ مارچ میں شامل نہیں ہو رہے، انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ روکنے یا عمران خان کو نظر بند کرنے کی کوئی بات نہیں ہو رہی۔

صاف نظر آرہا ہے کہ لانگ مارچ ون ڈے ایونٹ ہو گا، 14 اگست کی رات کو لوگ آئیں گے 15 کی صبح چلے جائیں گے، یہ لانگ نہیں کوئیک مارچ ثابت ہو گا ہاں اس دوران سی ڈی اے کے کام میں اضافہ ہو جائے گا اسے صفائی کرنا پڑے گی، ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک حالت جنگ میں ہے۔

دہشت گردی کا سامنا ہے، لاکھوں آئی ڈی پیز کی دیکھ بھال کا اہم معاملہ ہے ،ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں عمران خان خود بھی امن سے رہیں اور پاکستان کو بھی امن سے رہنے دیں، ویسے بھی عمران خان کی صوبے میں حکومت ہے ان کی ذمہ داری زیادہ ہے اور عوام بھی ان سے کہیں زیادہ توقع رکھتے ہیں، سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ کوئی ملک پاکستان کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا نہ ہم مداخلت کرنے دیتے ہیں۔

تحفظ پاکستان ایکٹ بنا دیا ہے، اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، پرویز رشید نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کا دورہ سعودی عرب نجی ہے، جب بھی کوئی سربراہ وہاں جاتا ہے توسعودی قیادت ان سے ملاقاتیں کرتی ہے جو ان کی روایت ہے اسی طرح جب وہ پاکستان آتے ہیں ان کا بھرپور خیر مقدم کیا جاتا ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔