عمران خان کے بنا ثبوت الزامات پر صحافی رہنماؤں کی مذمت

Journalists

Journalists

اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کے بغیرثبوت الزامات پر صحافی رہنماؤں نے شدید مذمت کی ہے اور جوڈیشل کمیشن قائم کر کے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ عمران خان نے الزام لگایا ہے۔

کہ لفافہ لینے والے ٹی وی اینکرز اور لکھنے والے کہتے ہیں کہ دھرنے میں چند ہزار لوگ ہیں۔ سینئر صحافیوں اور تجزیہ کاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان ان الزامات کے ثبوت پیش کریں اور ان کی تحقیقات جوڈیشل کمیشن سے کرائی جائیں۔

سینئر تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے عمران خان کے الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمران خان کے وقار کا تقاضا ہے کہ پہلے وہ معلومات کریں پھر بات کریں۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے صحافیوں پر الزامات کی تحقیقات کیلیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔ سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ کا کہنا تھا۔

کہ تمام صحافیوں کو ایک ہی قطار میں کھڑا کرنا مناسب نہیں ، تنقید کو برداشت کرنا چاہیے۔ سینئر صحافی مظہر عباس نے کہا کہ اگر عمران خان میں اخلاقی جرات ہے تو پیسے لینے والے صحافیوں کے نام سامنے لے کر آئیں۔

سینئر صحافی ارشد انصاری نے عمران خان کی جانب سے صحافیوں پر پیسے لینے کاالزام مسترد کر دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر عمران خان کے پاس ثبوت ہيں تو سامنے لائيں۔ سینئر صحافی آفتاب اقبال نے کہا کہ عمران خان الزامات لگاتے ہیں ، ثبوت پیش نہیں کرتے۔