اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کےدرمیان ایک بار پھر ٹیلیفون پربات چیت ہوئی ہے۔ دونوں رہ نمائوں کے درمیان ٹیلیفون پریہ دو ہفتوں میں یہ تیسرا رابطہ ہے۔
کل پیر کی شام وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے ولی عہد سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ عمران خان نے سعودی عرب کے ولی عہد سے کشمیر کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر عمران خان نے کشمیر کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں ولی عہد محمد بن سلمان کو بریفنگ دی۔
اس کے علاوہ دونوں رہ نمائوں کے درمیان خطے کی مجموعی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ خیال رہے کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست کومقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حامل قانون 370 کو ختم کردیا تھا جس کے بعد برسوں سے کشمیر کو حاصل خصوصی تشخص ختم کردیا گیا ہے۔ بھارت کے اس اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذ ہے جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بھی سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔