لاہور: مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اللہ رکھا چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے ذہن میں نہ جانے دھاندلی کہاں سے گھس آئی ہے۔ 6 ماہ قبل نواز شریف کابینہ کے دو ارکان کے ساتھ بنی گالہ میں عمران خان سے ملنے گئے۔
جہاں پارٹی کی تمام اعلیٰ قیادت موجود تھی، خان صاحب نے بعض تجاویز دیں، اس وقت دھاندلی کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں بولے۔ نامعلوم یکایک دھاندلی کا غبار کہاں سے اٹھا اوروہ کیوں اسلام آباد آ بیٹھے۔
انتخابی اصلاحات کے لئے 33 رکنی پارلیمانی کمیٹی کام کا آغاز کر چکی ہے، ہم قانون سازی اور آئینی ترامیم کے لئے تیار ہیں لیکن ایک ایسا کھیل بدستور جاری ہے جو دنیا بھر میں پاکستان کی رسوائی کا سبب بن رہا ہے، ملکی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہو رہی ہے، برآمدات متاثر ہو رہی ہیں، سرمایہ کاری رک گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے مستحکم ریٹنگ دینے کے بعد اب منفی ریٹنگ کر رہے ہیں، غیر ملکی سربراہان دورے منسوخ کر رہے ہیں، چینی صدر کے حوالے سے پوری قوم کو دکھ پہنچا ہے، یہ صرف 35 ارب ڈالر کا مسئلہ نہیں، پاکستان اور چین کے رشتے کا ہے، احتجاج کرنے والوں نے پاکستان کا چہرہ مسخ کیا ان لوگوں کو عوام کی عدالت میں پیش ہو کر اس رویئے کا حساب دینا پڑے گا