تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبرپختونخوا میں وزرا کو پارٹی عہدے یا وزارت میں سے کسی ایک کاانتخاب کرنے کی ہدایت کر دی۔ تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں خیبرپختونخوا میں وزرا کے پارٹی عہدہ رکھنے پر اعتراض کیا گیا۔
وزیر تعلیم خیبرپختونخوا عاطف خان نے ذرائع کو بتایا کہ پارٹی ممبران کی جانب سے اعتراض آیا تھا کہ پارٹی عہدہ رکھنے والے حکومتی عہدے دار بہتر کارکردگی نہیں دکھا سکیں گے، اس لیے انہیں ایک عہدہ چھوڑ دینا چاہئے۔
اس پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزرا کو ہدایت کی کہ وہ وزارت یا پارٹی میں سے کسی ایک عہدے کا انتخاب کریں۔ خیبرپختونخوا کے وزیراعلی پرویز خٹک پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور اسپیکر اسد قیصر، صوبائی صدر ہیں۔ وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی کے پاس صوبائی سیکریٹری جنرل کا عہدہ ہے۔