کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ عمران خان گمراہ ہو چکے ہیں، ان کی راہ راست پر واپسی کیلئے دعا گو ہوں، میڈیا اداروں کو آپس میں لڑنے کے بجائے قومی معاملات کو اجاگر کرنا چاہیئے۔ کراچی میں مانیٹرنگ سیل کے افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رضا ربانی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو بے وقوف بنایا ہے، پنجاب سمیت ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو سکی اور نہ ہی امن و امان کا مسئلہ ٹھیک ہوا۔
رضا ربانی نے مزید کہا کہ جیو کے معاملے پر صحافیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچنا چاہیئے، میڈیا آپس کی چپقلش کی بجائے ملکی مسائل کو اجاگر کرے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کے خلاف ہونے والی کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی، انتخابی عمل میں اصلاحات کی ضرورت ہے، پارلیمنٹ میں اس حوالے سے کوئی بل پیش ہوا تو پیپلز پارٹی اس کی حمایت کرے گی۔