اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مشرف کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے آصف زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں کورونا وائرس ، سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جب 2008 میں اقتدار ملا تو ملک دہشت گردی اور نفاق کا شکار تھا لیکن ہم نے قومی اتفاق رائے سے سوات آپریشن کیا اور امن لے کر آئے۔
سابق صدر نے کہا کہ حکومت کورونا سے لڑنے کی بجائے اپوزیشن سے لڑ رہی ہے، حکمران پھر سے صوبوں کے آئینی اور مالیاتی اختیارات کم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے ملک میں موجود تمام اتفاق رائے برباد کر دیا ہے اور وزیراعظم عمران خان مشرف کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔