اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کہتے ہیں پاناما لیکس پر 6 ماہ سے عوام کیساتھ مذاق کیا جا رہا ہے ، قوم نظام کی کمزوریوں سے تنگ آ چکی ہے۔
دانیال عزیز نے کہا کہ تحریک انصاف ایک اور جھوٹی کہانی گھڑ رہی ہے ، عمران خان یوٹرن کے ماسٹر اور قلابازی خان ہیں وہ قوم کو گمراہ کررہے ہیں ، الیکشن کمیشن میں وزیر اعظم نواز شریف کیخلاف ریفرنسز کی تاریخ2 نومبر تک ملتوی کردی گئی ۔ وزیر اعظم کے وکیل نے جواب جمع کرا دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق سماعت ملتوی ہونے پر پھٹ پڑے ، کہتے ہیں پاناما لیکس پر 6 ماہ سے عوام کیساتھ مذاق کیا جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم کے وکیل دستیاب نہیں ہوں گے تو کیا سماعت نہیں ہوگی ، مسلم لیگ نواز کے رہنما دانیال عزیز نے نعیم الحق کے الزامات کا جواب دیا۔
انہوں نے عمران خان کو بھی یوٹرن کا ماسٹر قرار دیا اور کہا کپتان قوم کو گمراہ کر رہے ہیں ۔ تحریک انصاف کے وکلا کی درخواست پر سماعت ملتوی کی گئی ۔ عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ عدالتوں کے پاس مقدمات سننے کا وقت ہے اور نہ ہی وہ سننا چاہتی ہیں ، حکومت کے 5سال پورے ہوجائینگے ہمیں انصاف نہیں ملے گا۔