پشاور (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پشاور میں چڑیا گھر کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وہ وفاقی حکومت پر برسنا نہ بھولے اور تو اور نواز شریف اور آ صف زرداری کا موازنہ بھی کرڈالا۔
چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان آ ئے تو تھے پشاور کے چڑیا گھر کا سنگ بنیاد رکھنے لیکن پی آئی اے کی نجکاری پر وزیر اعظم نواز شریف کو خوب آڑھے ہاتھوں لیا اور نواز شریف کی حکومت کو آصف زرادی کے دور سے بدتر اور عوام دشمن قرار دیا۔
پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کی مخالفت تو کی ہی لیکن اپنے صوبہ میں اسپتالوں کی نجکاری کے حق میں بیان بھی دے ڈالا اور کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے نجکاری کا فیصلہ دو سال تک سو چ وبچار اور باقاعدہ قانون سازی کے بعد کیا، جس سے عوام کو فائدہ ہوگا۔
اور تو اور عزیر بلوچ کی گرفتاری پر بھی اظہار خیال کرنا نہ بھولے اور کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ملک میں قانون کا بول بالا ہو اور جو بھی قانون شکن ہو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔