لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی مذاکراتی ٹیم کو مینڈیٹ دیں تو نتیجہ خیز بات ہو سکتی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف لائحہ عمل کا اعلان پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بغیر کرتے ہیں اور اپنی ہی ٹیم کے فیصلوں کو ویٹو کر دیتے ہیں، اگر وہ اپنی مذاکراتی ٹیم کو مینڈیٹ دیں تو نتیجہ خیز مذاکرات ممکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی بحران حل کر سکتی ہے لیکن تحریک انصاف صرف عمران خان کا نام ہے جس میں صرف ان کی کہی ہوئی بات کو حتمی تصور کیا جاتا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ کراچی، لاہور اور فیصل آباد ملکی برآمدات کا 80 فیصد سے زائد پیدا کرتے ہیں اور تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کے لئے ان تینوں شہروں کا چناؤ اس لئے کیا گیا کیوں پاکستان کے امپورٹر کو خوف زدہ کیا جا سکے جو کہ انتہائی خوفناک پہلو ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک میں حکومت نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا بلکہ اسے اپنے پاس رکھا لیکن ہماری حکومت نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ اپنے بجٹ میں رکھنے کے بجائے عوام تک منتقل کیا۔