اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک حالت جنگ میں ہے اور فوج دہشتگردوں کی سرکوبی میں مصروف ہے لیکن چیئرمین تحریک انصاف عمران خان قوم کو تقسیم کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان کو مشورہ ہے کہ وہ آپریشن ضرب عضب پر قوم کو منقسم نہ کریں، یہ وقت متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کے بجائےان کی دل جوئی کا ہے، کٹھن حالات میں عمران خان کس قسم کی سیاست کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ازبک اور چیچن جنگجووؤں سے مذاکرات کی بات کرتے ہیں لیکن حکومت سے مذاکرات نہیں کرتے، حکومت کسی بھی مظاہرے کو روکنے کے لئے طاقت کے بجائے دانش سے کام لے گی تاہم پھر بھی پی ٹی آئی فوری طور پر فسادی مارچ ترک کرے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان کو وزیراعظم نواز شریف کے عمرہ پر بھی اعتراض ہے اور اس حوالے سے پروپیگنڈا کر رہے ہیں،سیاسی تنقید کے دوران انہیں حد سے نہیں گزرنا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے یوم آزادی کے حوالے سے منعقد کی جانے والی تقریبات کا اعلان کل کیا جائے گا۔