اسلام آباد (جیوڈیسک) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کے صدر جاوید ہاشمی سے ناطہ توڑنے کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات عوامی تحریک کی جانب سے ہمیں ساتھ چلنے کا کہا گیا لیکن ہماری مذاکراتی کمیٹی نے ان کے ساتھ نہ جانے کا فیصلہ کیا جس پر طاہرالقادری نے پر امن رہنے کا پیغام بجھوایا اور پھر ہم نے تحریک انصاف کی کور کمیٹی سے مشاورت کرکے عوامی تحریک کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا جبکہ جاوید ہاشمی نے اس کی مخالفت کر دی۔
عمران خان نے کہا کہ جاوید ہاشمی نے الزام لگایا کہ میں نے یہ سب کسی کے اشارے پر کیا اگر مجھے اشارے مل رہے ہوتے یا کسی کے کندھوں پر آنا ہوتا تو پہلے ہی ہلہ بول دیتے لیکن ہمیں صرف ایک ہی اشارہ چاہئے وہ پاکستانی قوم کا ہے جو جاوید ہاشمی بھی جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کے بیان پر بے حد افسوس ہوا آج سے ان کے اور میرے راستے جدا ہیں۔