پشاور (جیوڈیسک) ضلعی الیکشن کمیشن پشاور نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو پشاور میں جلسہ کرنے پر نوٹس جاری کر دیا، صوبائی الیکشن کمیشن کو مزید کارروائی کے لئے سفارش بھی کر دی۔
ضلعی الیکشن کمشنر اور ڈی آر او پشاور عنایت اللہ وزیر نے صوبائی الیکشن کمیشن کو خط ارسال کیا ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 9 مئی کو پشاور میں اپنے امیدوار کی حمایت میں ہونے والا جلسہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ اس حوالے سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو 13 مئی کی صبح 11 بجے تک ڈی آر او آفس طلب بھی کیا گیا تھا تاہم وہ حاضر نہیں ہوئے ، ڈی آر او نے صوبائی الیکشن کمیشن سے مزید کارروائی کے لئے استدعا کی ہے۔
واضح رہے کہ ضلعی الیکشن کمیشن کی جانب سے قبل ازیں جلسہ کے انتظامات میں معاونت پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس سے بھی وضاحت طلب کی جا چکی ہے۔