لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاست بہت ہو گئی اب کام بھی ہونا چاہئیے، ان کے پاس عمران خان کی پریس کانفرنس سننے کا وقت نہیں، عوام نے ہمیں کام کے لئے ووٹ دیا ہے اور عمران خان سمجھتے ہیں کہ انہیں دھرنوں کے لئے ووٹ ملے ہیں، اس لئے ہمیں کام کرنے دیا جائے اور عمران خان کو احتجاج کرنے دیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ماضی میں کئی سینیئر سیاستدانوں نے ریلوے کی وزارت سنبھالی لیکن وہ اس محکمے میں کوئی مثبت تبدیلی نہیں لاسکے، موجودہ حکومت نے ریلوے کو ایک مرتبہ پھر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ حکومتی اقدامات سے ریلوے ایک مرتبہ پھر اپنے پیروں پر کھڑا ہورہا ہے، 13-2012 کے دوران ریلوے نے 14 ارب روپے کمائے تھے جبکہ رواں برس اب تک ریلوے 19 ارب روپے کما چکا ہے۔
اس طرح ریلوے نے 30 اپریل تک گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 5 ارب روپے زائد کمائے ہیں۔ نارووال سیکشن پر لوگ ٹرین کی چھتوں پر سفر کرتے ہیں، اس لئے ٹرینوں کے ساتھ اضافی بوگیاں لگائی جائیں گی۔ اٹک اورجنڈ کے درمیان شٹل سروس شروع کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے کرائے کم ہیں اور سہولیات زیادہ، اس لئے وہ عوام سے کہتے ہیں کہ وہ اپنی منزل مقصود پر پہنچنے کے لئے دیگر ذرائع کے بجائے ٹرینوں میں سفر کریں۔