لاہور (جیوڈیسک) وزیر جیل خانہ جات سندھ منظور وسان کہتے ہیں کہ عمران خان کا پلان ’سی‘ ’ڈی‘ تک نہیں پہنچے گا اس سے قبل ہی حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔ لاہور میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی اجلاس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے منظور وسان کا کہنا تھا۔
کہ متحدہ قومی موومنٹ ماضی میں ہر حکومت میں شامل رہی ہے، لڑائی جھگڑا کرکے اپنے مطالبات منوانا ان کا طریقہ کار ہے، کراچی کےحالات پرویز مشرف کے دورسے خراب ہیں، شہر میں ایرانی تیل، قبضہ گروپ اور دیگر مافیا کی لڑائی ہے، شہر میں امن کے قیام کے لئے پولیس اور رینجرز مثبت کردار ادا کررہی ہے جس پر کسی کو تحفظات نہیں ہونے چاہئیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا پلان ’سی‘ ناکام ہوجائے گا اور یہ ’ڈی‘ تک نہیں پہنچے گا ، اس سے قبل ہی حالات بہتر ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل کی مذمت کررہا ہے، ان کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے پولیس تحقیقات کر رہی ہے ، امید ہے جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔