کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان سیاست میں ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کلفٹن فلائی اوور تعطل کا شکار ہونے پر افسوس ہے، عدالتیں عوامی مفاد میں رکاوٹ نہ بنیں، عمران خان کی جانب سے 11 مئی کو چلائی جانے والی تحریک غیر ضروری ہے، تحریک انصاف اب تحریک اقتدار میں بدلتی نظر آ رہی ہے، کراچی کے شہریوں کو ہر ماہ 2 سے 3 نئی تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور یہاں انٹرنیشنل طرز کے فوارے اور دیگر تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی، ملکی اداروں کا احترام ہم سب پر لازم ہے سرکاری اور نجی اداروں کو اب متحدہوکر ملک کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنا ہو گا۔
کراچی کے شہریوں کو آئندہ ایک ماہ کے اندر یومیہ 3 سے 4 لاکھ گیلن پینے کا صاف پانی ( منرل واٹر) فراہم ہونا شروع ہوجائے گا۔ عدالتیں گورننس کے معاملات میں مداخلت کی بجائے عوامی مسائل پر توجہ دیں تو بہتر ہے، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی سندھ حکومت نے سب سے پہلے حمایت کی اور اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے قانون سازی کی تھی، آئندہ بجٹ میں سفاری پارک میں مزید سہولتوں کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔
وہ جمعرات کو سفاری پارک میں ہاتھیوں کے نئے انکلوژر کے افتتاح کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر صحافیوں کی جانب سے عمران خان کی جانب سے 11 مئی سے احتجاجی تحریک چلانے کے سوال پرشرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، عمران خان ملکی سیاست میں ٹونٹی ٹونٹی میچ متعارف کرانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ سیاست ٹیسٹ میچ کا نام ہے اور اس میں جلد بازی نہیں بلکہ تحمل مزاجی ضروری ہے۔