اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے وزیراعظم عمران خان کو سیاسی لاوارث قرار دے دیا۔
سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت کے قدم ڈگمگا رہے ہیں اور ان کے جانے کے اسباب پیدا ہو چکے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ لوگ تباہی کی تبدیلی لےکر آئے ہیں، پی ٹی آئی کے اپنے ووٹرز بھی ناکامی کا اعتراف کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک سیاسی لاوارث ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے زیادہ تر لوگ سیاسی مسافر ہیں اور پارٹیاں بدلنے والوں کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔
مری میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ مری کے معاملے پر ایک وزیر نے بیان دیا تھا کہ ایک لاکھ گاڑیاں داخل ہوئیں، یہ ترقی کی علامت ہے، فواد چوہدری اس لیے بول رہے ہیں کہ وہ شیخ رشید کی جگہ لینا چاہتے ہیں۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ 68 فیصد لوگوں نے کہا کہ مہنگائی کے ذمہ دار عمران خان ہیں، شہباز شریف کے دور میں ادویات مفت ملتی تھیں اور کینسر کا علاج مفت تھا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ احتساب کےاداروں سے پوچھتا ہوں کہ جو آپ کر رہےہیں درست کر رہے ہیں، کیا کرپشن صرف ہم میں نظر آتی ہے، باقی دودھ کے دھلے ہیں، 185 کا ڈالر ہو گیا، جب 97،98 تھا تو ہمیں گالیاں دیتے تھے، ان حکمرانوں نے تو ملک گروی رکھ دیا ہے۔