اسلام آباد (جیوڈیسک) دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس خیبر پختونخوا میں عوام کو دکھانے کو کچھ نہیں ہے اس لئے وہ سیاست میں زندہ رہنے کیلئے نون لیگ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام با شعور ہیں انہیں نون لیگ کی کارکردگی نظر آ رہی ہے۔ عمران بھی محنت کر کے کارکردگی کا ماڈل تیار کریں۔ پرویز رشید نے کہا کہ گذشتہ پانچ ماہ میں جی ڈی پی کی شرح تین سے بڑھ کر پانچ فیصد ہو گئی ہے جبکہ ٹیکس وصولیوں میں بھی سترہ فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں انتظامیہ کے استعمال کا فیصلہ الیکشن کمشن کا ہے اس پر کسی کو اعتراضات ہیں تو الیکشن کمشن ہی سے رجوع کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے مجھے کچھ علم نہیں۔