عمران خان اپنی سیاست تبدیل کریں: پرویز رشید، ہر موقع پر سیاست نہیں‌ کرنی چاہئے: نعیم الحق

Naeem-ul-Haq

Naeem-ul-Haq

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے منفی سیاست کی وجہ سے آج عمران خان کو گو عمران گو کے نعرے سننے پڑے، وہ قومی ایجنڈے پر ملک کا ساتھ دیں جبکہ تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے پرویز رشید ہر موقع پر صرف سیاست کرتے ہیں۔

پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پرویز رشید نے کہا جب ریاست متحد ہو تو عمران خان رکاوٹیں ڈالتے ہیں، ان کی سیاست کی بنیاد جھوٹ پر ہے، وہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا عمران خان شہید ہونے والے بچوں کے والدین کا ساتھ دیتے تو ان کے خلاف نعرے نہ لگتے، عمران خان صرف اپنی خواہشات کی تکمیل چاہتے ہیں۔

ان کا جعلی نعرہ بخارات کی طرح اڑ گیا ، اب وہ اپنی سیاست کو تبدیل کریں اور جمہوریت کو مستحکم بنائیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ پرویز رشید ہر موقع پر سیاست کرتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا عمران خان اظہار یکجہتی کے لیے آرمی پبلک سکول گئے تھے۔ سکول کے بچوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔