اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سیاست جھوٹ اور نفرت پر مبنی ہے۔
اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کے اسلام آباد اور پنجاب سمیت دوسرے صوبوں میں جانے پر پابندی نہیں ہے، عمران خان کی سیاست جھوٹ اور نفرت پر مبنی ہے، وہ صوبوں اوروفاق میں نفرتوں کی سازش کر رہے ہیں۔
پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان میں دہشت گردوں کو للکارنے کی ہمت نہیں ہے، عمران خان میں آپریشن ضرب عضب کے لئے دعا کا بھی ظرف نہیں ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے بنوں میں شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے ساتھ عید مناتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی وزیرستان کے لوگ پاکستانی ہیں لیکن انھیں پنجاب اور سندھ میں داخل نہیں ہونے دیا جا رہا جو کہ آئین کی سراسر خلاف ورزی ہے۔