کراچی (جیوڈیسک) عمران خان کے بیان پر ردعمل میں ترجمان بلاول ہاؤس کا کہنا ہے کہ چچا عمران سیاست اور عقل عمر کی قید سے آزاد ہوتی ہیں، عمر تو بس ریٹائرمنٹ کی ہوتی ہے۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیان پر ردعمل میں ترجمان بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خان صاحب سندھ کے ناکام دورے پر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، ایک پیر کو ساتھ لے کر مریدوں سے ووٹ لینا تبدیلی نہیں ہوتی۔
چچا عمران سیاست اور عقل عمر کی قید سے آزاد ہوتی ہیں، لوگ بڑے عمر سے نہیں اعمال سے ہوتے ہیں، عمر تو صرف ریٹائرمنٹ کی ہوتی ہے اور آپ ریٹائرمنٹ کی عمر سے بھی آگے گزر چکے ہیں۔
ترجمان بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کی تقریر بھرپور ناشتے کے بعد اوور ایٹنگ کا شاخسانہ تھی۔
واضح ر ہے کہ آج پی ٹی آئی چیرمین عمران خان نے پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ لکھی ہوئی تقریر پڑھنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا، میرے پاس آؤ میں تمھیں سکھاؤں گا کہ لیڈر کیسے بنتے ہیں۔