اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف عدالتوں سے اپنی مرضی کے فیصلے چاہتی ہے جب کہ عمران خان وزیراعظم بننے کا خواب پورا نہ ہونے کابدلہ عدلیہ سے نہ لیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری کو ملکہ برطانیہ سے حلف وفاداری لینے کے بعد پاکستانی عوام کا دکھ کھائے جا رہا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری کی کسی بھی تحریک میں اخلاص نہیں ہوتا اور اخلاص نہ ہونے کے باعث یہ تحریک مذاق بن جاتی ہے، انہیں کسی بھی طور پر ملک میں جمہوریت پر حملےکی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ گزشتہ عام انتخابات کے موقع پر ملکی اور غیر ملکی میڈیا موجود تھا، پنجاب میں 60 نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوئیں، درحقیقت تحریک انصاف عدالتوں سے اپنی مرضی کے فیصلے چاہتی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ عمران خان شیخ رشید جیسے لوگوں کے نرغے میں ہیں، تحریک انصاف کے سربراہ سے کہتا ہوں کہ وہ عدالتوں کو دباؤ میں لینے کی کوشش نہ کریں اور سڑک پر تماشے کے بجائے پارلیمنٹ میں مسائل کو اٹھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے کیسز کی وجہ سے پاکستان پر پابندیوں کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، ملک میں اس مرض کے سب سے زیادہ کیس خیبر پختونخوا میں سامنے آرہے ہیں اور وہاں تحریک انصاف کی حکومت ہے، اس لئے عمران خان کو چاہیئے کہ وہ پہلے پولیو کے سدباب کے لئے اقدامات کریں۔