عمران خان بطور وزیراعظم آج قوم سے پہلا خطاب کریں گے

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان بطور وزیراعظم آج قوم سے اپنا پہلا خطاب کریں گے۔ عمران خان نے گزشتہ روز وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا اور آج وہ قوم سے اپنا پہلا خطاب کرنے جارہے ہیں۔

عمران خان کی جانب سے خطاب میں حکومت کے لائحہ عمل اور اپنی پالیسی اعلانات کا امکان ہے جب کہ وہ انہیں منتخب کیے جانے پر عوام کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔

یاد رہے کہ نو منتخب وزیراعظم عمران خان نے عام انتخابات 2018 میں اپنی پارٹی کی کامیابی کی صورت میں حکومت کے پہلے 100 دن کے ایجنڈے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تعلیم، صحت، مکان، انصاف اور روزگار ان کے ایجنڈے پر سرفہرست ہوں گے۔

عمران خان کی جانب سے دیئے گئے 100 روزہ ایجنڈے کے اہم نکات کچھ اس طرح ہیں۔

پاکستان کو مدینے کی طرز پر فلاحی ریاست بنانا، بیورو کریسی کو سیاست سے پاک کرنا، اداروں میں میرٹ لانا، فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنا، جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بناکر محروم علاقوں میں اقتصادی پیکج دیا جانا اور ایک کروڑ نئی نوکریاں پیدا کرنا شامل ہے۔

عمران خان کے ایجنڈے میں خارجہ پالیسی میں اصلاحات لانا، ملک بھرمیں درخت لگائے جانا، کراچی میں قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، ٹیکس کا بوجھ کم کیا کرنا، بجلی اور گیس کی قیمت کو کم کرنا، وزیراعظم اسکیم کے تحت 50 لاکھ سستے گھر بنائے جانا اور 4 نئے سیاحتی مقامات کا اعلان شامل ہے۔