ملتان (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم ایشوز پر بات کرتے ہیں، ذاتیات پر کیچڑ اچھالنا ہماری روایت نہیں ہے۔ ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس نوجوانوں کیلئے کوئی پروگرام نہیں ہے۔ آج کے نوجوان کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے۔ بلاول بھٹو نے ایک مرتبہ دعویٰ کیا کہ 2018ء میرا پہلا اور عمران خان کا آخری الیکشن ہو گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ نواز شریف نظریاتی بننے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ میاں صاحب! ہمیں بھی بتائیں آپ کا نظریہ ہے کیا؟ کیا یہ وہ نظریہ ہے جس پر آپ نے زرداری اور بینظیر پر جھوٹے مقدمے بنائے؟ آصف زرداری نے جمہوریت کو بچایا، اسی کو آپ نے ڈنگ مارا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف کی وجہ سے جمہوریت اور پارلیمنٹ کمزور ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ نااہل حکومت کی وجہ سے یہاں محرومیاں بڑھتی گئیں۔ آج مذہب کو سیاست کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف کو ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے ظلم کا حساب دینا ہو گا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں غربت کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں۔ پیپلزپارٹی سندھ میں ترقیاتی کام کروا رہی ہے۔ شہباز شریف کو سندھ کے ترقیاتی کاموں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔