لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے قومی رہنما، کوارڈئینیٹر وزیر اعلیٰ پنجاب رانا مبشر اقبال، چئیرمین کاہنہ حاجی بشارت علی رحمانی نے گذشتہ روز کاہنہ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا اور رانا مبشر اقبال نے عوام کے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہوش کے ناخن لو کتنے ڈھونگ رچائو گے، الزام تراشیاں کرنے ،دھرنا دینے، لانگ مارچ اور احتجاجی سیاست کرنے والوں کو علم ہونا چاہیے کہ گالیاں دینے اور بے بنیاد الزام لگانے سے راتوں رات وزیر اعظم نہیں بنا جاتا اس کے لئے عوام کی خدمت کر کے لوگوں کے دلوں میں گھر کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ الزامات لگانے والے دیکھتے رہ جائیں گے اور انشاء اللہ وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں ترقی کرتا ہوا پاکستان بہت آگے نکل جائے گا۔ اس موقع پر وائس چئیرمین کاہنہ ارشد رضا ایڈوکیٹ ،جنرل کونسلر ز ،سید عرفان بنیاد شاہ ،ذولفقار اقبال قریشی ، سجاد بھٹی،سلمان رائے ،آصف رحمانی ،یعقوب پاہٹ اور لیگی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ رانا مبشر اقبال نے بلدیاتی نمائندوں اورپارٹی کارکنوں کے جوش و جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کے بغیر پارٹی اور قیادت نا مکمل ہے ،میاں نوازشریف صرف وزیر اعظم ہی نہیں قومی لیڈر ہیں ہم ان کی تضحیک کی اجازت نہیں دیں گے۔ہمارے مخالف بائولے ہوگئے ہیں اقلیت کو اکثریت پر مسلط نہیں ہونے دیں گے گالی اور گولی کا راج نہیں مانیں گے تبدیلی ووٹ سے آئے گی ہم ووٹو ں سے آئے ہیں اور ووٹو ں سے ہی جائیں گے۔ اس موقع پر حاجی بشارت نے کہا کہ کا ہنہ نو میں کڑوروں کا فنڈ مہیا کرنے پر رانا مبشر اقبال اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے بے حد مشکور ہیںمزید کہاکہ ملک میں جاری ترقیاتی منصوبے سی پیک کی اہمیت ایٹمی پروگرام سے کسی صورت کم نہیں لیکن بعض انتشار پسند عناصر اسے بھی کالا باغ کی طرح متنازع ایشیو بنانا چاہتے ہیں۔
حکومت اور عوام ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت معاشی لحاظ سے درست سمت جارہی ہے،ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔بہت جلد بجلی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت جب2013ء میں اقتدار میں آئی تھی تو توانائی کا بحران عروج پر تھا۔تاہم آج بہت بہتر صورتحال ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان شعبدہ بازی کررہے ہیں انہیں سیاست کے بنیادی تقاضوں کا علم نہیں ہے ،وہ روز نیا کرتب دکھاتے ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں ،ملک بھر کے عوام عمران خان کے ارادے جانتے ہیں اس لئے وہ عمران خان کا ساتھ نہیںدیتے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی سیاست آشکار ہوچکی ہے ان کی سیاست ختم ہونے والی ہے ،وہ ملک کے مفاد میں کوئی قدم نہیں اٹھاتے ،دھرنا گروپ نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچایا ہے اور جمہوریت کے خلاف تحریک چلائی ہے ،عمران خان ناکام سیاستدان ہیں۔