کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ کورنگی کراچی کے صدر مرزا مقبول احمد نے اپنے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی جانب سے ملک کے منتخب وزیر اعظم کے استعفیٰ کے مطالبے کو ان کی بچکانہ ضد قرار دیتے ہوئے کہاکہ میاں نواز شریف عوام کے منتخب وزیر اعظم ہیں اور وہ محض ایک سال قبل ہی وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں وہ وزرات عظمیٰ پر 40سال سے قابض نہیں لہذا ان کا موازنہ مصر کے صدر حسینی مبارک سے کرنا قطعی بے معنی اور ناانصافی ہے پی پی کورنگی کے صدر نے کہا کہ اس طرز کی سیاست آمریت میں ہی مناسب ہوتی ہے جبکہ جمہوری معاشرے میں ایسے رویوں کو کبھی پذیرائی نہیں ملتی مرزا مقبول احمدنے کہاکہ عمران خان ملک کی سیاسی اور معاشی مسائل پر ایک مفصل پروگرام دیں لیکن فی الواقع وہ دھرنے سے اپنے خطاب میں صرف نواز شریف اور میر شکیل الرحمن سے اپنے ذاتی مخاصمت کا اظہار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہماری غریب عوام اوراندرونی و بیرونی خطرات میں گھرا ملک اس قسم کی مہم جوئی کی متحمل نہیں ہوسکتا لہذا صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ عمران خان اور مولانا طاہرالقادری اپنے رویوں میں لچک پیدا کریں اور حکومت سے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنا نے میں مددگار ثابت ہوں مرزا مقبول احمد نے موجودہ سیاسی صورتحال پر پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کی جمہوریت کو بچانے اور پراوان چڑھانے کے حوالے سے مثبت کردار پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تمام سیاسی رہنمائوں خصوصاً عمران خان اور مولانا طاہر القادری سے لچک ،محبت اور احترام کے رویئے کے اظہار کی اپیل کی ہے۔