اسلام آباد (جیوڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے چیئرمین عثمان یوسف مبین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ عمران خان کو این اے 122 کی رپورٹ دیدی گئی ہے۔ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 کی رپورٹ سربمہر ہے۔
عثمان یوسف مبین کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے نادرا جانے کا اعلان کیا تھا۔ عمران کو نادرا آمد پر خوش آمدید ہی کہنا تھا اور کچھ تو نہیں کہہ سکتے۔ عمران خان کو ملاقات کی دعوت نہیں دی تھی۔ چیئرمین نادارا نے بتایا کہ عمران خان نے این اے 122 کی رپورٹ سے متعلق سوال پوچھا اور رپورٹ میں تاخیر کے حوالے سے بات ہوئی جسے میں نے کلیئر کر دیا تھا۔
عمران کو بتایا کہ سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) کے تحت چلتے ہیں۔ عمران خان نے میرے جواب پر اطمینان کا اظہار کیا اور چلے گئے۔ چیئرمین نادرا نے کہا کہ غیر جانبدار طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ یہ تاثرنہ دیا جائے کہ ملاقات کے بعد عمران کچھ لے کر باہر آئے۔ ہمارا ادارہ غیر جانبدار ہے۔ کسی کے دباؤ میں آ کر کام نہیں کرتے۔
الیکشن ٹربیونل نے ہمیں رپورٹ کی کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی تھی۔ این اے 122 کی رپورٹ میں تاخیر کا تاثر درست نہیں ہے۔ یہ تاثر بھی درست نہیں کہ رپورٹ میں تاخیر کروائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کپتان کی میڈیا ٹاک سے لگا جیسے وہ نادرا سے کچھ لے کر آئے ہیں۔